2 دسمبر 2012 - 20:30

مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ کراچی میں بیرونی ہاتھ ملوث نہیں، سیاسی جماعتیں مسئلہ حل کرسکتی ہیں۔

ابنا: مسلم لیگ (ق) کے جنرل سیکرٹری مشاہد حسین نے کہا ہے کہ کراچی کا مسئلہ اتفاق رائے سے حل کیا جانا چاہئے؛ کراچی میں کوئی بین الاقوامی سازش نہیں ہورہی یہ سیاسی مسئلہ ہے جس کو سیاسی جاعتیں مل کر حل کرسکتی ہیں؛ عام انتخابات مئی 2013ءمیں ہوسکتے ہیں۔ وہ مسلم لیگ(ق) کے سیکرٹری جنرل سندھ حلیم عادل شیخ کے ساتھ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ مشکل کام صحافیوں کا ہے؛ کیمرے کی تو انشورنس ہے مگر بدقسمتی سے کیمرے کے پیچھے کام کرنے والے صحافی اور کیمرہ مین کی کوئی انشورنس نہیں۔ صحافیوں کو وہ سیکیورٹی دی جائے جو سیکیورٹی اداروں اور پیرا ملٹری و دیگر اداروں کے کام کرنے والوں کو دی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کراچی کی خراب صورتحال میں بین الاقوامی سازشوں کا کوئی ہاتھ نہیں یہ سیاسی مسئلہ ہے اور اسے سیاسی جماعتیں ہی حل کرسکتی ہیں جب ہم چیف الیکشن کمشنر کی نامزدگی اور دیگر ایشوز پر قومی اتفاق رائے سے معاملات کو حل کرسکتے ہیں تو پھر کراچی کے ایشو پر اتفاق رائے کیوں قائم نہیں کیا جاسکتا؛ کراچی کا امن ملکی استحکام‘ ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے ملک میں موجود دیگر تمام مسائل سے زیادہ کراچی کا مسئلہ سنگین ہے اور اس کے سیاسی حل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر حل نکالنا ہوگا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110